04:09 , 19 جون 2026
Watch Live

سی ٹی ڈی کی کارروائی: 12 مشتبہ دہشت گرد گرفتار، بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے تعلق کا انکشاف

سی ٹی ڈی کی کارروائی

محکہ انسداد دہشتگردی پنجاب (سی ٹی ڈی) نے پیر کے روز لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے دوران 12 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق یہ افراد مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’ریسرچ اینالیسیس ونگ‘ (را) کے لیے کام کر رہے تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ حساس اداروں کے تعاون سے کی گئی کارروائیوں میں دہشت گردوں سے تصاویر، ویڈیوز، ہتھیار اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جس سے بڑے پیمانے پر ممکنہ دہشت گردی کی کارروائیوں کو ناکام بنایا گیا۔

برآمد شدہ مواد میں حساس مقامات کی تصاویر، ایک مذہبی مدرسے کی تصاویر اور ویڈیو ریکارڈنگ شامل تھیں۔ سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد صوبے میں ’’خوف اور مذہبی منافرت‘‘ پھیلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ان کا ہدف عبادت گاہیں اور اہم عوامی مقامات تھے۔

گرفتار افراد میں لاہور سے سکھدیپ سنگھ، اعظم، فیضان، نبیل، ابرار، عثمان اور سرفراز شامل ہیں، فیصل آباد سے دانش اور بہاولپور سے رجب، ہاشم، ثاقب اور عارف کو حراست میں لیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائیاں ایک فیس بک اکاؤنٹ کی تحقیقات کے بعد عمل میں آئی، جو مبینہ طور پر بھارت سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کو مربوط کرنے کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔ گرفتار افراد کو بھارتی ایجنسی ’را‘ کی مالی مدد حاصل تھی۔

دہشت گردوں کے قبضے سے 7 خود ساختہ دھماکا خیز آلات، 2 ڈیٹونیٹرز، 102 فٹ سیفٹی فیوز وائر، دیگر دھماکا خیز مواد، ہتھیار، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کی گئی۔ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ وہ پاکستان بھر میں باقاعدگی سے کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کی روک تھام، انٹیلی جنس جمع کرنے اور تحقیق کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سے قبل بھی سندھ اور کراچی میں بھارتی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION